فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)مینجنگ ڈائریکٹر واسا ابوبکر عمران نے موسم برسات کے دوران کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈسپوزل اسٹیشن سمیت دیگر مقامات کا دورہ کیا اور ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل فعال اور بجلی کی بندش پر متبادل انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ایم ڈی واسانے مون سون سیزن میں بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی کے لئے گلستان ڈسپوزل اسٹیشن اور پی ایس 19 کا دورہ کیا اور وہاں پر تمام مشینری کو مکمل آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی جبکہ ڈسپوزل اسٹیشن پر نصب جنریٹرز کو بھی سٹینڈ بائی رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو موسم برسات کے دوران بارش کے پانی کی تیز رفتار نکاسی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ فیلڈ سٹاف کو مکمل متحرک اور مستعد رہنے کا حکم جاری ہے جبکہ تمام فیلڈ سٹاف 100 فیصد حاضری یقینی بنائے۔ انہوں نے شمس آباد میں نئے تعمیر ہونیوالے ڈسپوزل اسٹیشن کا بھی دورہ کیا اور وہاں ہونے والے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور واضح کیا کہ ڈسپوزل اسٹیشن کی بروقت تکمیل ہونی چاہیئے۔ایم ڈی واسا نے جھمرہ روڈ پر نئی سیوریج پائپ لائن اور نشاط آباد پل کے قریب سیوریج لائن کی سکیموں کے حوالے سے بھی جائزہ لیا۔