فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں بلا منظوری قائم کی جانیوالی تین ہاؤسنگ سکیموں کے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے اُن کے دفاتر کو سر بمہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیاتو چک نمبر51ج ب کی اراضی پر بننے والی ہاؤسنگ سکیم انجف گارڈن،چک نمبر7ج ب میں اضافی آبادی اور بائی پاس کے قریب چک نمبر64ج ب میں البرکت ویلی کو ایف ڈی اے سے غیر منظور شدہ پایا جن کے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا گیا اور ڈویلپرز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ باقاعدہ منظوری حاصل کئے بغیر ہاؤسنگ سکیموں کے اجراء سے اجتناب کریں۔بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔ایف ڈی اے کی طرف سے عوام الناس کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت ضرور چیک کریں۔