فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں میڈیکل کیمپ کے دوران376قیدیوں کا طبی معائنہ کیاگیا۔ڈاکٹرز کی پانچ رکنی ٹیم نے قیدیوں کا چیک اپ کرکے ان کے امراض کی تشخیص کرکے انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔یہ میڈیکل کیمپ مدینہ فاؤنڈیشن فیصل آباد کے تعاون سے منعقد ہوا۔ڈاکٹرز کی ٹیم میں فزیشن ڈاکٹر رفیق احمد،سرجن ڈاکٹر سعدیعقوب،ماہرامراض جلد ڈاکٹر سعدنہال،ڈینٹل ڈاکٹر عامرشہزاداور ماہرامراض چشم ڈاکٹر عتیق الرحمن شامل تھے۔میڈیکل کیمپ کے دوران سپرنٹنڈنٹ جیل اسد جاوید وڑائچ اور دیگر جیل افسران کے علاوہ کوآرڈینیٹر میڈیکل کیمپ خالدمحمودبھی موجودتھے۔ڈاکٹرزنے قیدیوں کے میڈیکل چیک اپ کے دوران انہیں مختلف وبائی و موسمی امراض سے بچنے کیلئے احتیاطی و حفاظتی تدابیر سے بھی آگاہ کیاجبکہ جیل انتظامیہ کو صحت مند ماحول کوبرقراررکھنے کیلئے مفیدمشورے فراہم کئے۔جیل سپرنٹنڈنٹ نے میڈیکل کیمپ کے انعقادپرمدینہ فاؤنڈیشن کے منتظمین کا شکریہ اداکیااور کہا کہ قیدیوں کی صحت کا خصوصی خیال رکھاجاتاہے۔انہوں نے مختلف صحت مندانہ سرگرمیوں اور قیدیوں کی فلاح و بہبودکے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔کوآرڈینیٹر میڈیکل کیمپ خالدمحمودنے بتایا کہ مدینہ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پنجاب بھر کی جیلوں میں میڈیکل کیمپس کے انعقادکاسلسلہ جاری ہے جبکہ قیدیوں کی بھلائی کے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ واٹرفلٹریشن پلانٹس کے عطیات بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔