فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام کی ہدایت پرایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھر پور مہم جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر تعمیرشروع کرنے پر گلبرگ کالونی اور ملت ٹاؤن میں چار پلاٹس کو سربمہرکردیا جبکہ کمال ایونیو ہاؤسنگ سکیم میں واٹر ورکس کیلئے مختص پلاٹ پر تجاوزات کا صفایاکردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گور ایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور گلبرگ کالونی میں پلاٹ نمبر30-A،32-A اور ملت ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 74 A اور 64 Bپر غیر قانونی تعمیرات کو روک کرسیل کردیا۔ اس پلاٹ پر بلڈنگز کی تعمیرکیلئے ایف ڈی اے سے نقشہ کی منظوری حاصل نہیں کی گئی تھی۔ ایک دوسری کارروائی میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے کمال ایونیو میں واٹر ورکس کے متعلق یوٹیلٹی سروسز کیلئے مختص پلاٹ پر تجاوزات کو مسمار کردیااور ڈویلپرز کو قانون شکنی سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبر دار کیاگیاہے کہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے اجتناب کیاجائے بصورت دیگر قانونی کارروائی سے گریز نہیں کیاجائیگا۔