فیصل آباد(حمزہ اکرم)پنجاب انفارمیشن کمیشن حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت شہریوں کو معلومات کی فراہمی کے لئے ڈی سی آفس میں ”ضلع رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ مرکز”قائم کردیا گیاہے جس کا باقاعدہ افتتاح چیف انفارمیشن کمشنر محبوب قادر شاہ اور ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز کاشف رضا اعوان،زرعی یونیورسٹی سے پروفیسرڈاکٹر جلال عارف،انچارج ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹر محمد صادق اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔چیف انفارمیشن کمشنرنے ضلع آرٹی آئی مرکز کے قیام میں معاونت پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ شہریوں کو پبلک انفارمیشن آفیسر کے آفس سے درکار معلومات کی فراہمی یقینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن کمیشن کے زیراہتمام صوبہ کے تمام اضلاع میں مرکز قائم کئے جارہے ہیں اور ڈی سی آفس فیصل آباد میں مرکز کا افتتاح اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفارمیشن کمیشن کے ویژن کے مطابق ڈی سی آفس میں قائم کئے جانے والے مرکز میں پبلک انفارمیشن آفیسر کے ذریعے شہریوں کو درکار معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔