فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلع میں انسداد پولیو کی جاری مہم کے چوتھے روز2لاکھ 82 ہزار 788بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جبکہ مہم کے چار روز میں 12 لاکھ 19ہزار 88بچوں کو قطرے پلائے جاچکے ہیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے یونیسف ایم اینڈ ای ٹیم کے ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے بتائی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان،ایم اینڈ ای سپشلسٹ این ای او سی زینب سلیمان،ایم اینڈ ای آفیسر حیات محمد خان،ضلعی کمیونیکیشن آفیسر طیب رفیق بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مہم پر کامیاب عملدرآمد جاری ہے اور آخری دو ایام میں ٹیموں کو مزید متحرک کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی گھر کا پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ پولیو قطروں سے محروم نہیں رہے گا اس ضمن میں جامع مائیکروپلان پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ اور ڈی ایچ او ڈاکٹر ثاقب منیر مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے یونیسف کی ٹیم کا مانیٹرنگ کرنے پر شکریہ اداکیا اور بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس میں روزانہ اہداف کا جائزہ اور اگلے دن کی حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔اس موقع پر یونیسف مشن کی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ اداکیا اور انسداد پولیو مہم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی کوآرڈینیشن کی تعریف کی۔