فیصل آباد(حمزہ اکرم)سنٹرل جیل میں مدینہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ میڈیکل کیمپ کے دوران881قیدیوں کا طبی معائنہ کیاگیااور مریض قیدیوں کومفت ادویات و طبی مشورے فراہم کئے گئے۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل اور دیگر جیل افسران کے علاوہ کوآرٖڈینیٹر میڈیکل کیمپ خالد محمود بھی موجود تھے۔میڈیکل کیمپ کے دوران سرجن ڈاکٹر محمد احمد سیفی،آرتھوپیڈک ڈاکٹر ابوبکر،فزیشن ڈاکٹر محمدرفیق،ماہرامراض جلدڈاکٹر منیراحمد،ای این ٹی ڈاکٹر محمداویس اور ماہر امراض چشم ڈاکٹر انعام اللہ نے قیدیوں کا میڈیکل چیک اپ کرکے مریضوں کو ادویات تجویز کیں اور انہیں مختلف وبائی امراض سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔انہوں نے جیل حکام کو اسیروں کی صحت بحال رکھنے کیلئے طبی و احتیاطی تدابیرکے بارے میں بتایا۔جیل سپرنٹنڈنٹ نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر مدینہ فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کا شکریہ اداکیااور بتایاکہ جیل میں صحت مندانہ ماحول برقراررکھنے کیلئے متعدداقدامات پر عملدرآمد کیاجارہاہے۔کوآرڈینیٹرمیڈیکل کیمپ خالد محمود نے بتایاکہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقادکیاجارہاہے جبکہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے دیگر فلاحی پروگرام بھی شروع کررہے ہیں۔