فیصل آباد(محمد حمزہ)ڈسٹرکٹ جیل میں زرعی یونیورسٹی کے شعبہ فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائینسز کے اشتراک سے اسیران کے طبی معائنہ و معیاری خوراک کی اہمیت وافادیت سے آگاہی کے لئے کیمپ لگایا گیا جس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سعید اللہ گوندل نے خصوصی شرکت کی۔فول پرسن پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ کی قیادت میں پروفیسر ڈاکٹر عمران پاشا،ڈاکٹر اللہ رکھا،ڈاکٹر محمد خالد بشیر،بینش سرورخان،ڈاکٹر عیسی خان اور ڈاکٹر احمد دین نے اسیران کا طبی معائنہ کیا اور بتایا کہ صحت مند جسم کا ایک صحت مند دماغ ہوتا ہے۔ٹیم نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر انسانی جسم کو درکار کیلریزکے حساب سے کھانے کو ترتیب دینا ضروری ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے بتایا کہ صوبہ بھر کی جیلوں میں انسانی جسم کو درکار کیلریز کے حساب سے کھانے کا مینو بنایا گیا ہے۔سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری محمد اصغر نے کیمپ کے قیام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ایسے معلوماتی پروگرامز کی بدولت اسیران مفید معلومات اپنا کر ادویات سے بچ کر صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسیران کی فلاح وبہبود کا سلسلہ جاری ہے۔اس موقع پر جیل کے 200 سے زائد اسیران کے وزن،قد،گلوکوز کی سطح اوربی ایم آئی کو مختلف آلات سے ناپا گیا۔اس موقع پر قیدیوں کو خوراک کے حوالے سے معیاری تجاویز بھی دی گئیں اور ان کا ڈائٹ پلان بنایا گیا۔