فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد نے فیصل آبادکا دورہ کیا اس دوران ڈپٹی کمشنرعلی عنان قمر بھی ہمراہ تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرزکاشف رضا اعوان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد زبیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمن آباد سپورٹس کمپلیکس،لائف قلعہ مارکی،ڈجکوٹ اور سمندری میں فری آٹا تقسیم مراکز پر گئے اورکاؤنٹرز پر خواتین ومرد حضرات کے شناختی کارڈ کی اہلیت کی جانچ پڑتال اور ٹوکن کے بعد آٹا ملنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے موقع پر موجود خواتین کی آٹا نہ ملنے کی بعض شکایات کو فوری نمٹادیا۔انہوں نے کہا کہ سنٹرز پر بہترین انتظامات کی بدولت شہری تیزرفتاری سے مستفید ہورہے ہیں اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں 21 روز سے فری آٹا تقسیم کا عمل جاری ہے۔موسمی درجہ حرارت بڑھنے کے باعث سنٹر پر پنکھے اور سایہ دار انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ60 ہزار سے کم آمدن والے ایک گھر کے واحد فرد جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رجسٹرڈ نہ ہے اسے 10 کلوگرام آٹاکا ایک تھیلہ دیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فری آٹا تقسیم آخری ایام میں داخل ہوچکی ہے اورتقسیم کے آخری روز تک انتظامات کو چوکس رکھا جائے گا۔