فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی عنان قمرنے تحصیل تاندلیانوالہ کا دورہ کرکے گندم خریداری سنٹر پر انتظامات چیک کئے۔انہوں نے سنٹر پر باردانہ کی تقسیم کا ریکارڈ اور خریدی جانے والی گندم کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدامات بھی دیکھے۔انہوں نے متعلقہ سٹاف کی ڈیوٹی پر موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری انتظامات بھی دیکھے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کیا جارہا ہے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ خوراک کو گندم کی سمگلنگ کی مکمل انداز میں روک تھام کے لئے چوکس رہنے کا حکم دیا۔انہوں نے یہ حکم رات گئے مختلف چیک پوسٹوں پر گندم کی ممکنہ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ گندم کی دیگر اضلاع کو سمگلنگ نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں اور موٹر وے انٹر چینجزپر کڑی نگرانی جاری رکھی جائے۔