فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فیصل آباد میں سرگودھا روڈ پر کیپٹن اسفند یار شہید چوک پر واقع شہید کیپٹن کی یادگارکا دورہ کیا اور 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں کیپٹن اسفند یار شہید کی تباہ کردہ یادگار کی بحالی کا افتتاح کیا۔ محسن نقوی نے کیپٹن اسفند یار شہیدکی یادگار کی بحالی کے افتتاح کے بعد خصوصی دعا کی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر فیصل آبادانتظامیہ نے کیپٹن اسفند یار شہید کی یادگارکو بحال کیاہے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ 9مئی کو شرپسندوں نے کیپٹن اسفند یار شہید کی یادگار کو نقصان پہنچایا اوربے حرمتی کی۔ کیپٹن اسفند یار شہیدکے والد سے وعدہ ہے کہ ہم اس چوک کو پاکستان کاسب سے بہترین اوریادگار چوک بنائیں گے۔ شہید کیپٹن اسفند یارکے والدسے ان کے شہید بیٹے کی یادگار کی بے حرمتی پر معذرت کرتے ہیں۔ ایسے دلخراش واقعات پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے،جو ہوا وہ تلخ ماضی ہے۔9 مئی کو دہشت گردی کے واقعات کے جو بھی ذمہ دار ہیں انہیں نہیں چھوڑیں گے۔ گارنٹی دیتا ہوں کہ کسی بے گناہ کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوئی نئی عدالتیں نہیں بنائی جارہیں، آرمی کا اپنا قانون ہے۔ اگر فوج کی تنصیبات پر کوئی حملہ کرتاہے تو آرمی کے قانون کے مطابق کارروائی ہوتی ہے۔ لاہور میں جناح ہاؤس اور فیصل آباد میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملہ ہوا، آرمی کا جوقانون کہتا ہے اس کے مطابق کارروائی ہوگی۔