فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے خواجہ سرا کو اسکی تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے نوکری دے دی گئی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی عظیم شوکت اعوان کی ہدایت پر عبدالرحمن نامی خواجہ سرا کو کمپلینٹ سیل 1139میں تعینات کیا گیا ہے۔اس حوالے سے سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی عظیم شوکت اعوان کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں صنفی شاخت کے باعث خواجہ سرا کمیونٹی زیادہ عدم مساوات کا شکار ہے۔معاشرے کے طعنے انہیں تکلیف دیتے ہیں جس کی وجہ سے سماج سے الگ تھلگ رہنے پر مجبور ہیں۔ یہی نہیں خواجہ سراؤں کو کمیونٹی کے اندر بھی استحصال کا سامنا رہتا ہے۔ غربت اور تنگ دستی کے باعث بھیک مانگنے کے سوا ان کے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔یہی وجہ تھی کہ عبدالرحمن کو سماجی دھارے کا حصہ بنانے اور انسانی رشتوں میں شامل کرنے کیلئے اسے ایف ڈبلیو ایم سی کے کمپلینٹ سیل 1139 میں نوکری دی گئی ہے تا کہ وہ بھی معاشرے میں باعزت طریقے سے فعال کردار اد اکر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمیں اپنی سوچ کو تبدیل کرنا ہوگا ان کے لئے کمانے کے ذرائع بنانے ہوں گے، انہیں بھی وہ سارے حقوق ملنے چاہییں جو ایک عام پاکستانی کو حاصل ہیں کیونکہ یہ بھی انسان ہیں اور اشرف المخلوقات میں سے ہیں اگر گھر والوں کے ساتھ ساتھ معاشرہ بھی انہیں اعتماد وعزت دیگا اوران سے تعاون کرے گا تو یہ بھی ایک عزت دار،خوشحال اور کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں۔اس حوالے سے خواجہ سرا عبدالرحمن بھی اپنے مستقبل کو لے کر بہت پر امید ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب کافی حد تک سب کچھ بہتر ہے۔میرے گھر والے مجھے ٹی وی پر دیکھ کر شاداں ہیں، میں گھر جاتی ہوں تو میرے گھر والے مجھ پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ماحول جاب کیلئے بے حد سازگار ہے مجھے امید ہے اب دیگر ادارے بھی خواجہ سراوں کو نوکریاں دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔