فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دو غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیاجبکہ ایک ہاؤسنگ سکیم میں یوٹیلٹی سروسز کے پلاٹ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ اور بلامنظوری تعمیر پر پلاٹ کو سربمہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو ستیانہ روڈ پر ہاؤسنگ سکیم ٹیک ریذیڈینشیا اور کھرڑیانوالہ میں عمر ولاز کے نام سے ہاؤسنگ سکیم منظوری کے بغیر قائم کی کوشش کی جارہی تھی جن کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے وہاں غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر مسمار کردیاگیا اور ڈویلپرز سے کہاگیاہے کہ وہ قانونی اور محکمانہ تقاضے پورے کرکے ہاؤسنگ سکیم کے قیام کیلئے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔مزید برآں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ٹیک ٹاؤن میں یوٹیلٹی سروس کے پلاٹ پر قائم کی جانیوالی تجاوزات کاخاتمہ کرکے اراضی کوکلیئر کردیا۔ علاوہ ازیں علامہ اقبال کالونی میں کوارٹر نمبر8-Eپر غیر قانونی تعمیرات کرنے پر پلاٹ کو سیل کرکے مالک کو بلڈنگ لاز کی پابندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
۔۔۔///۔۔۔