فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے ایک ماہ کے اندر شہر کی تین مین شاہراہوں کی مرمت اور بحالی مکمل کرنے کی ہدایت کردی اس حوالے سے انہوں نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا انجینئر خالد رضا خاں سمیت میونسپل کارپوریشن اور واسا افسران کے ساتھ ملاقات کی جس میں ملت روڈ،جواد کلب روڈ، نڑوالا روڈ،پہاڑی گراؤنڈ روڈ کی فوری تعمیر و مرمت بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تینوں مین شاہراہوں پر واسا کی جانب سے ترقیاتی سکیموں کے تحت سیوریج لائنیں بچھائی جا چکی ہیں تاہم اکھاڑے گئے روڈز دوبارہ مرمت نہیں کئے جاسکتے جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے عوامی سہولت کے لئے واسا افسران کو سیوریج لائنز کی سینڈ فلنگ مکمل کرنے سمیت دیگر اقدامات جبکہ میونسپل کارپوریشن کو ان تینوں مین روڈز کی مرمت اور بحالی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر اندر تینوں مین روڈز کی مرمت کر کے بحالی ممکن بنائی جائے۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے یقین دہانی کرائی کہ ایک ماہ کے دوران تینوں مرکزی روڈز پر واسا اپنا تمام کام مکمل کر لے گا۔ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز عدنان نثار، اعجاز لطیف،ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید،ڈائریکٹر آپریشنز حماد افضل، مخدوم بابرو دیگر واسا افسران بھی موجود تھے۔