فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں پانچ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے غیر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور ان کے دفاتر کو سربمہر کردیا جن میں چار تاندلیانوالہ اور ایک چک نمبر 3 ج ب سرگودھا روڈ پر قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ایف ڈی اے کی ٹیم نے دوسری کارروائی میں علامہ اقبال کالونی کے این بلاک میں تجاوزات کا صفایا کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے سرگودھا روڈ اور تحصیل تاندلیانوالہ کے علاقہ میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کو چیک کیاتو ہاؤسنگ سکیم گرینڈ سٹی، لائل پور سٹی، سن سٹی ii، ماڈرن سمارٹ سٹی اورگلبرگ سٹی /کینال ہومز کوغیر قانونی پایاجن کے بعض تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے ان کے دفاتر کو سیل کردیاگیا۔ ڈویلپرز سے کہاگیاہے کہ وہ قانون شکنی سے باز رہیں اور ہاؤسنگ سکیم کے قیام سے قبل تمام تر قانونی اور محکمانہ تقاضے پور ے کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگرمزید خلا ف ورزیوں کی صورت میں قصوروار افراد کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے آگاہ کیاگیا ہے کہ شہری غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ خریدنے سے قبل ہاؤسنگ سکیم کی قانونی حیثیت ودیگر ریکارڈ ضرورچیک کرلیں تاکہ بعد میں انہیں کسی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال کالونی کے این بلاک میں کاروباری سامان کے ذریعے قائم کی گئی تجاوزات کو ختم کرکے راستوں کوکلیئر کردیا۔