فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کا بی ایس فیشن ڈیزائن کا تیسرا فائنل فیشن ڈسپلے لگایا گیا۔ بی ایس فیشن ڈیزائن کا تیسرا فائنل فیشن ڈسپلے لائیل پور گیلیریا فیصل آباد میں شعبہ ہوم اکنامکس کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ پرو وی سی ڈاکٹر ظل ہما نازلی بھی تھیں۔ وائس چانسلر نے طالبات کے ہنر اور مہارت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں کامیاب ڈیزائنر بننے کی کوشش پر زور دیا تاکہ وہ نہ صرف اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکیں بلکہ معاشرے کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔ نمائش کے پہلے دن کا افتتاح سی ای او چناب ٹیکسٹائل ملز میاں محمد لطیف نے کیا۔ انچارج شعبہ ہوم اکنامکس عائشہ حسین اور فیشن ڈیزائن کی پوری فیکلٹی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ عوام کی کثیر تعداد نےاس نمائش میں طالبات کے بنائے ہوئے ڈیزائنوں کی بھرپور پزیرائی کی۔ صدر شعبہ نے اس نمائش کو کامیاب قرار دیا اور اس کے انعقاد میں تعاون پر وائس چانسلر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ نمائش دیکھنے آنے والے لوگوں کی طرف سے مثبت تاثرات ان تمام ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے بہت حوصلہ افزائی کا باعث تھے جنہوں نے مختلف جہتوں میں اپنے منتخب آئیڈیاز پر کام کیے ہوئے ڈیزائن پیش کیے۔ طالبات کے لیے ا س عوامی نمائش کا مقصد عوام کو یونیورسٹی میں فیشن ڈیزائن پروگرام کے بارے آگاہی کے ساتھ ساتھ ہماری ہونہار طالبات کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنا تھا.