فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر سلوت سعید کی زیرصدارت فلڈ کنٹرول پلان بارے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔انہوں نے ایس ای ایریگیشن کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ اور جھنگ میں دریائے چناب میں پانی کی سطح پر گہری نظر رکھی جائے جبکہ حفاظتی بندوں کی مسلسل انسپکشن ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے اردگرد آبادیوں کی قبل ازمنتقلی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر اور مشینری کو مکمل فنکشنل اور متعلقہ مقامات پرمتعین رکھیں۔انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع اور تحصیلوں میں فلڈ کنٹرول روم قائم اور متعلقہ محکموں کا سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہ کر معلومات کے تبادلہ کو یقینی بنائے۔معمولی سی بھی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے زور دیا کہ انہار، لائیوسٹاک، پولیس،ہیلتھ سمیت تمام محکمے آپس میں مربوط روابط رکھیں۔تجاوزات کا فی الفور صفایا کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورت میں واسا کے ڈسپوزل اسٹیشن 24 گھنٹے چلتے رہنے چاہیں۔بجلی کے متبادل انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے واسا کو اپنی ذمہ داریاں توقعات سے بڑھ کر انجام دینے کا حکم دیا اور کہا کہ مون سون سیزن میں واسا کے افسران فیلڈ میں نظر آنے چاہیں۔ڈی واٹرنگ سیٹس کو نشیبی علاقوں میں متعین رکھیں۔ بارشی پانی کے تیز رفتار نکاس میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو خطرناک عمارتوں کے مکینوں کو نوٹسز اور عمارات خالی کرانے کے لئے اقدامات کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں فلڈ کنٹرول پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنرز نے فلڈ کنٹرول پلان پر مفصل بریفنگ جبکہ محکمہ انہار،واسا اور دیگر محکموں نے دستیاب وسائل اور پراگریس سے آگاہ کیا۔