فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کی سربراہی میں ڈی ٹائپ پل سے ڈی ٹائپ گول تک تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود رہ کرآپریشن کی نگرانی کی۔چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو اوراسٹیٹ آفیسر ایف ڈی اے امتیاز علی گورایہ کی ٹیم بھی آپریشن کا حصہ تھی۔کشادہ روڈ تجاوزات کے باعث تنگ راستے بنے ہوئے تھے اورمین بازاروں کی کشادگی کے لئے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ اس موقع پر پختہ تجاوزات ہٹانے کے لئے رہائشی علاقوں کے مکینوں کو ایک ہفتہ کا ٹائم دیا گیا جس کے بعد رہائشی مکانوں کے باہر تجاوزات کو بھی گرایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے درخواست کی کہ تجاوزات خود ختم کر لیں۔تجاوزات قائم ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے افسران کی سرزنش کی اور زیرو تجاوزات کی ہدایت کی۔آپریشن کے دوران بھاری مشینری سے پختہ تجاوزات،تھڑے وشیڈز مسمار کردیئے گئے۔اہل علاقہ نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کو سراہا اور کہا کہ تجاوزات کے باعث ٹریفک کے مسائل تھے۔