فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن برسر اقتدار آئی تو اگلے وزیر اعظم نوازشریف ہوں گے،پانچ سال میں ملک کی تقدیر بدل اور بھارت کو اقتصادی میدان میں 10 سال میں پیچھے چھوڑ دیں گے، عوام جس کو مینڈیٹ دیں گے تسلیم کریں گے،گزشتہ حکومت نے چار سال دن رات معاشرے میں زہر گھولا، 2018 میں سازش کے تحت نواز شریف کو نااہل کرکے ترقی کا سفر ختم کیا گیا۔وہ اتوار کو یہاں فیصل آباد میں ایم 3 سے منسلک فیصل آباد ستیانہ بائی پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے بھی خطاب کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب،اراکین قومی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے ناصرف 2018 کے دھاندلی کے ذریعے کامیاب کروائے جانے والے بہروپیوں کو شکست فاش دے کر 2018 کا بدلہ لینا ہے بلکہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب کروانا ہے۔مولانا فضل الرحمن اتحادی حکومت کے اہم زعماء ہیں، مسلم لیگ ن کے ساتھ جمیعت علماء اسلام کا تعلق آگے بھی نبھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ستیانہ بائی پاس 10 ارب روپے کا منصوبہ ہے ،اس سے فیصل آبادکے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔گزشتہ حکومت نے چار سال میں کسی ایک نئے منصوبے کی اینٹ نہیں رکھی،انہوں نے چار سال نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا،بھونڈے الزامات لگاتے رہے،فیصل آباد کے لوگ ترقیاتی ریکارڈ منگوالیں۔ اس کو زبردستی لایا گیا،جنوبی پنجاب کے ہمارے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں میں ڈال کر ان کی طرف دھکیلا گیا،آرٹی ایس راتوں رات بٹھایا گیا۔دھاندلی سے مسلم لیگ ن کا پنجاب میں راستہ روک گیا،وفاق میں ہماری سیٹیں ادھر ادھر کی گئیں۔عمران خان دن رات چور ڈاکو کی گردان پڑھتا رہا۔وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عوامی خدمت کا کوئی خاطر خواہ منصوبہ نہیں لاسکا۔اپنے دعووں پر عمل نہیں کیا،تین ماہ میں بیرون ملک سے پاکستان کی لوٹی دولت واپس لانے کا دعویٰ کیا لیکن چارسال میں ایک روپیہ واپس نہیں لاسکا۔آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا اور اس کو توڑا،ہمارے دور میں اس معاہدے کے راستے میں اپنی صوبائی حکومتوں کے ذریعے رکاوٹیں کھڑی کیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کےسب سے بڑےسیلاب سے ہم نمٹےہیں۔نوازشریف کے دور میں ملک تیزی سے ترقی کرہا تھا جن پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ۔نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر نااہل کرکے ترقی کا سفر ختم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا، آئندہ انتخابات ہونے جارہے ہیں عوام جس کو اختیار دیں گے ہم اس کا احترام کریں گے، اگر مسلم لیگ ن کو ووٹ کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں لایا گیا تو اگلا وزیر اعظم نوازشریف ہوں گے ۔نواز شریف کی سربراہی میں ہم کارکن کی طرح خدمت کریں گے، اتحادیوں سے مل پاکستان کی تقدیر پانچ سال میں بدل دیں گے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔خوشحالی کا سفر اسی طرح آئے گا جس طرح بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی،چین سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرائی،روزگار کے مواقع پیدا ہوئے،مہنگائی کی شرح اس دور میں ساڑھے 3فیصد تھی۔انہوں نے کہا کہ 100 یونٹ سے 200 یونٹ تک بجلی کے صارفین پر کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔اس سے اوپر کے صارفین پرآئی ایم ایف کی شرط پر معمولی اضافہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کو دوبارہ اقتدار ملا تو ہم کشکول توڑدیں گے اور ترقی کا سفر وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے۔پاکستان کو جادو ٹونے سے نہیں محنت ،امانت اور دیانت سے ترقی دلائی جاسکتی ہے۔ملک کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ،بنجر زمینیں آباد اور معدنیات کی دولت سے پورے پاکستان کو فیضیاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ 190 ملین ڈالر کا فراڈ کرکے لوگوں کو چور ڈاکو قرار دیں ،خانہ کعبہ کے ماڈل کی تحفہ میں ملنے والی گھڑی مارکیٹ میں بیچ دیں اور دوسروں کے لئے چور ڈاکو کی گردان پڑھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دن رات الزام تراشی کرتی رہی ،ان کے اپنے فراڈ قوم کے سامنے آگئے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اگر اقتدار میں لایا گیا تو دس سال میں پاکستان بھارت کو اقتصادی میدان میں پیچھا چھوڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ اب باتوں کا وقت نہیں ہے سب کو نواز شریف کا ساتھ دینے کے لئے آگے بڑھنا ہے۔