فیصل آباد( نمائندہ ایف ٹی وی)پاکستان مرکزی مسلم لیگ اور تاجر تنظیموں کی جانب سے بجلی اورپیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔جس میں تاجروں،سول سوسائٹی کے نمائندے،اساتذہ کرام،طلباء اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مطاہرین نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے،جن پرمہنگی بجلی نا منظور،حکمرانو غربت ختم کرو غریب نہیں،عوام پر پیٹرول اور بجلی بم نامنظور،بجلی اورپیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لو نعرے درج تھے۔اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرہ بازی اوربجلی وپیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی سخت مذمت کی۔ مظاہرے سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ فیصل آبادکے صدر شیخ فیاض احمد،امین بٹ صدر سپریم انجمن تاجران فیصل آباد سٹی،جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ فیصل آبادمحمد ثاقب مجید،ذیشان جاوید ظفرصدر کارخانہ بازار،حق نواز ودیگر قائدین نے خطاب کیا۔ شیخ فیاض احمد کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ غریب کی موت کے مترادف ہے، بجلی وپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے۔بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز قابل قبول نہیں۔ نگران حکومت کے دور میں بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اندھا دھند اضافے نے غریب عوام کو جیتے جی مار دیا ہے۔امین بٹ نے کہا کہ حکمرانوں کے موجودہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کا سونامی عوام اور تاجروں کیلئے ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔ حکومت آہستہ آہستہ عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے۔ حکومت کو اندازہ نہیں ہے کہ حالات سے مجبور ہوکر عوام گھروں کی قیمتی اشیاء اور بیٹیوں کا جہیز فروخت کرکے بجلی کے بلز کی ادائیگی کررہے ہیں۔اس صورتحال میں عوام کے پاس خود کشی یا حکومت کا گھیراؤ کرنے کا علاؤہ کوئی آپشن موجود نہیں رہا، اگر حکومت سنجیدہ ہوکر اس مسئلے کی حل کی طرف نہیں گئی تو اس کے نتائج ملک و قوم کے لیے خطرناک ثابت ہونگے.