فیصل آباد(حمزہ اکرم) کمشنر آفس کے ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن عمران رضا عباسی کی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز 19گریڈ میں انڈکشن ہونے پر سروسز وفاقی حکومت کے سپرد ہو گئی ہیں۔عمران رضا عباسی نے پہلی بار منعقد ہونے والے پی اے ایس لیول کے امتحان میں پاکستان بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔کمشنر آفس کی طرف سے ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ڈویژنل کمشنر زاہد حسین نے عمران رضا عباسی کو امتحان پاس کرنے پر مبارکباد اور انہیں کمشنر آفس کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔ایڈیشنل کمشنر طارق نیازی،اسسٹنٹ کمشنرز قیصر جاوید،طارق محمود گوندل، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میاں آفتاب، ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید،محمد جعفر،جاوید باجوہ ودیگر سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ عمران رضا عباسی کی کمشنر آفس میں بطور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن خدمات مثالی رہیں جنہوں نے ہر ٹاسک کو ذمہ داری سے انجام دیا جس سے کمشنر آفس کی نیک نامی میں اضافہ ہوا۔انہوں نے عمران رضا عباسی کو الوداع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عرصہ تعیناتی مثالی اور یادگار ہے۔انہوں نے موصوف کی انتظامی صلاحیتوں کی تعریف اور ان کے لئے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہاراور مزید ترقی،صحت اور درازی عمر کی دعاکی۔عمران رضا عباسی نے دوران تعیناتی بھرپورتعاون پر کمشنر اور دیگر ساتھی افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمشنر زاہد حسین کی قیادت میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ بہترین ٹیم ورک کے نتیجہ میں ہی مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کرنے پرکمشنر سمیت دیگرافسران کا شکریہ بھی ادا کیا۔