زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں اونٹ کے عالمی دن کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ کلیہ امور حیوانات، ڈائریکٹوریٹ آف فارمز اور بین الاقوامی تنظیم برائے بھیڑ بکری و مویشی کے زیر اہتمام اونٹ میلے میں وزن کے لحاظ سے گجرانوالہ کے فرخ اعجاز کے اونٹ نے 1417 کلو گرام وزن کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ فرخ اعجاز ہی کے اونٹ نے 1361 کلو گرام کے ساتھ دوسری اور بابر ملک کے اونٹ نے 1280 کلو گرام وزن کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔اونٹوں کے مقابلہ حسن میں حنین کے اونٹ نے پہلی، فرح اعجاز کے اونٹ نے دوسری جبکہ ملک بابر کے اونٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ڈین کلیہ امور حیوانات و پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر قمر بلال نے مقابلہ جیتنے والے اونٹ پال کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں جامعات میں زرعی و کسان میلوں کی روایت کے بانی اور محسن زراعت کے طور پر مویشی پال کسانوں اور کاشتکاروں کو یونیورسٹی کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے جو دن رات محنت کر رہے ہیں یہ اسی کا ثمر ہے کہ اونٹوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان بھر سے مختلف نسل کے اونٹ یہاں لائے گئے ہیں اور ان کے وزن اور حسن کا نظارہ عام عوام کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا کو کرنے کا بھرپور موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اقراراحمد خاں کی ہدایت پر منعقد کیے جانے والے اس میلے میں اونٹ کی بریڈ اور اس کی کوالٹی کے معیارات جانچنے اور انہیں محفوظ کرنے کیلئے لائیوسٹاک سیکٹر کو بھرپور فائدہ میسر آسکے گا۔ ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ اونٹ کے گوشت میں چربی اور کولیسٹرول کم پایا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض کھا سکتے ہیں۔ بین الاقوامی تنظیم برائے بھیڑ بکری و مویشی کے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ ان کی اسوسی ایشن جانوروں کی بہترین بریڈ کو ترقی دینے اور پروان چڑھانے کیلئے سائنسی بنیادوں پر مروجہ جدید ترین معیارات کو اپنا رہی ہے اور جامعہ زرعیہ جیسے اداروں کے ساتھ ترقی کے اس سفر کو مربوط انداز سے آگے بڑھانے کیلئے اسی عزم کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ورک، عطا محمد گجر نے بھی خطاب کیا۔