فیصل آباد (حمزہ اکرم) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلیم اور قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں تعاون کی نئی راہیں کھولنے کیلئے باہمی رابطوں کو مضبوط اور مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔ کینیڈا کے کمرشل قونصلر مسٹر مائیکل لازاروک اور ٹریڈ کمشنر مسٹر زوہیب خاں سے ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا جائزہ لیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کینیڈا میں مقیم ہے جس کی وجہ سے پاکستانی طلبہ کو دوسرے ملکوں کی بجائے کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم کیلئے جانے کی ترغیب دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا قابل تجدید ٹیکنالوجی میں پاکستان سے بہت آگے ہے جبکہ ہمیں 6-7ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی پر قابو پانے کیلئے ماحول دوست شمسی توانائی کو استعمال کرنے کی سمت ٹھوس پیش رفت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کینیڈا کے سفارتکاروں کو فیصل آباد چیمبر کے دورے کی بھی دعوت دی۔ کینیڈا کے کمرشل قونصلر اور ٹریڈ کمشنر نے بتایا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد کینیڈا کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جبکہ دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے بھی ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد فیصل آباد کا دورہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے سینئر رکن راشد منیر اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر محمد اظہر چوہدری بھی موجود تھے۔