فیصل آباد(حمزہ اکرم)چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ نے ویسٹ کینال روڈ پر جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے اپنی موجودگی میں کینال سروس روڈ کی سکریپنگ اور ملبے کے ڈھیر بھی ختم کروائے۔اس موقع پر منیجر آپریشنز عبداللہ نذیر باجوہ اور ڈپٹی منیجر آپریشنز عمران فقیر بھی ہمراہ تھے۔سی ای او بلال فیروز جوئیہ کا کہنا تھا کہ ” صاف پنجاب مہم2022” کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔مین کینال روڈ اور سروس روڈ پر صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایسٹ اور ویسٹ کینال روڈ کے صفائی آپریشن کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے۔مینول سویپنگ کے بعد پانی کا چھڑکاؤ بھی لازمی طور پر کروایا جائے تا کہ ٹریفک کی روانی کے ساتھ گرد نہ اٹھے۔سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ سروس روڈ کی دوکانوں میں بھی گئے اور انہیں تنبیہ کی کہ اپنا کوڑا کرکٹ سڑک یا فٹ پاتھ پر پھینکنے کی بجائے کوڑے دان کا استعمال کریں، ایف ڈبلیو ایم سی کے عملہ سے شکایت کی صورت میں ہماری ہیلپ لائن 1139 یا سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کریں۔ منیجر آپریشنز عبداللہ نذیر نے بتایا کہ کینال روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر ہر قسم کے کوڑ اکرکٹ و ملبے سے کلیئر کروایا جا رہا ہے۔سڑکوں کی سکریپنگ،گرین بیلٹس کی صفائی اور مکینکل سویپنگ کی مدد سے شہر کو صاف ستھرا بنایا جا رہا ہے۔