فیصل آباد(حمزہ اکرم)گھنٹہ گھر اور اطراف بازاروں میں پارکنگ کے گھمبیر مسائل کے ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر حل کے لئے موثر اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ سمیت گھنٹہ گھر کے اطراف پارکنگ سائٹس کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ پارکنگ کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف نے چوک گھنٹہ گھر اور ملحقہ بازاروں سمیت پارکنگ پلازہ اور بیرون کارخانہ وجھنگ بازارپارکنگ سائٹس کا دورہ کیا اورگاڑیوں وموٹر سائیکلز کی پارکنگ کے امور کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز/ایم ڈی پارکنگ کمپنی کاشف رضا اعوان،اے ڈی سی جی قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،چیف ٹریفک آفیسر ملک تنویر احمد،چیف آفیسر کارپوریشن زبیر حسین اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پارکنگ کے مسائل کے ازالہ کے لئے لانگ وشارٹ ٹرم اقدامات زیر غور ہیں اس ضمن میں پارکنگ پلازہ کو بھی بروئے کار لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گھنٹہ گھر سے ملحقہ سائٹس پرگاڑیوں وموٹر بائیکس کی پارکنگ کی بدولت بازاروں میں پارکنگ کا نظام بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے امور بھی تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے پارکنگ سائٹس کو بروئے کار لانے کے لئے اے ڈی سی ہیڈ کوارٹرز/ایم ڈی کو ٹاسک تفویض کیا۔