ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی جانب سے فیصل آباد سے ٹرانسفر ہونے والی کمشنر سلوت سعید کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں آرپی او ڈاکٹر محمد عابد خاں، سی پی او کامران عادل سمیت ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ سلوت سعید نے فیصل آباد میں بطور کمشنر تقریباً دو سال خدمات انجام دیں، جسے انہوں نے اپنے کیریئر کا یادگار دور قرار دیا۔ انہوں نے شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے متعدد اقدامات کیے، جن میں الائیڈ ہسپتال کی توسیع، عبداللہ پل کے ساتھ جھمرہ فلائی اوور کی تعمیر، بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کا قیام، فیصل آباد چنیوٹ دو رویہ روڈ کی تعمیر، سرکاری اداروں میں ڈے کیئر سنٹرز کا قیام اور کھلی کچہریوں کے ذریعے عوامی مسائل کے حل جیسے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے ڈویژنل پبلک سکولز کی ری سٹرکچرنگ، پری نرسری کلاسز کے آغاز، آٹزم سنٹرز کے قیام، ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال میں چائلڈ ڈویلپمنٹ سنٹر اور چلڈرن ہسپتال جھنگ روڈ میں اسی طرز کے سنٹر کے قیام جیسے اہم اقدامات بھی کیے۔ ستھرا پنجاب پروگرام اور انسداد تجاوزات مہم پر بھی کامیابی سے عملدرآمد کرایا۔ سلوت سعید نے فیصل آباد کو صوبے کا خوبصورت ترین ڈویژن بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ڈویژنل و ضلعی اور پولیس افسران نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔