فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر سلوت سعید کی زیر صدارت سی پیک ونان سی پیک منصوبوں میں چائینز سکیورٹی اقدامات پر عملدرآمد بارے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں منصوبوں سمیت وہاں پر کام کرنے والے چائینز کی سکیورٹی کے امور زیر بحث آئے۔انہوں نے فیڈمک میں قائم ایک کمپنی کی باؤنڈری وال،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب،سٹریٹ لائٹس،الارم سسٹم،میٹل ڈیٹیکٹرزودیگر سکیورٹی آلات کی تاحال عدم موجودگی پرتشویش کا اظہارکیا اورگزشتہ میٹنگ سے اب تک 10 یوم میں کارکردگی نہ ہونے پر برہم ہوتے ہوئے آئندہ روزانہ کی بنیاد پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ رکھنے کی تاکیدکی۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی امورمکمل نہ کرنے والے ادارے بند کردیئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ فیڈمک انتظامیہ کی طرف سے غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ضلع جھنگ اور چنیوٹ میں بھی سی پیک ونان سی پیک منصوبوں پر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا اورمتعلقہ ڈپٹی کمشنر کو موقع وزٹ کرکے اقدامات مکمل کرانے کی تاکید کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر،سی پی او علی ناصر رضوی اور سکیورٹی افسران شریک تھے۔