فیصل آباد(عثمان صادق)سیکرٹری آرکیالوجی پنجاب ثاقب منان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرکے ریچ ایوری ڈور(ریڈ)کورونا ویکسینیشن مہم کے حاصل کردہ اہداف پر بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود، سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان کے علاوہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور اتھارٹی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری آرکیالوجی پنجاب نے کہا کہ انہیں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ضلع میں ویکسینیشن مہم کے اہداف کی مانیٹرنگ کے لئے انچارج مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے ضلع بھر میں مہم پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو گھر کی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی مہم بڑی اہمیت کی حامل ہے جس کے باقی ایام میں اہداف کے حصول کے لئے سرتوڑ کوششیں کی جائیں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرنے اور شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لئے تشہیر کے تمام تر ذرائع بروئے کار لانے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ خصوصی مہم میں محکمہ صحت کی تقریبا600آؤٹ ریچ اور فکسڈٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور اہداف کے حصول کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ییں۔انہوں نے مہم پر عملدرآمد کے دوران درپیش بعض مسائل کی نشاندہی بھی کی۔بعدازاں سیکرٹری آرکیالوجی پنجاب نے گلی محلوں میں قائم پوائنٹ کا دورہ کرکے شہریوں کو ویکسین لگانے کے لئے دستیاب انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے لوگوں کو ویکسین لگانے کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا۔دورہ کے دوران سیکرٹری آرکیالوجی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین لازمی لگوائیں۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے شہریوں سے کہا کہ وہ ویکسین لگوا کر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو کورونا سے محفوظ بنائیں۔شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم کورونا سے پاک پاکستان ہے.