فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ضلع بھرکے ویکسینیشن سنٹرز پر شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اس ضمن میں 34 سنٹر فنکشنل ہیں جو گزشتہ روز صفائی ستھرائی کے حوالے سے بندکئے گئے تھے۔اسسٹنٹ کمشنرز نے ویکسینیشن سنٹرز کا دورہ کرکے شہریوں کو ویکسین لگانے کے عمل اور دستیاب یوٹیلٹی سروسز کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن سنٹرزکے دورے کرکے انتظامات کو مانیٹر کریں اور شہریوں کو ویکسین لگانے کے عمل میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ خود اور اپنی فیملی کے افراد کو ویکسین لگوائیں اس ضمن میں افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ کورونا سے بچاؤ کا حل احتیاطی تدابیر اور ویکسینیشن میں ہی ہے لہٰذا ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔