فیصل آباد(حمزہ اکرم)پبلک ٹرانسپورٹس میں نو ویکسینیشن نو سروس پالیسی پر سختی سے عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے اور تاحال ویکسین نہ لگوانے والوں کو سفر کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند نے ٹرانسپورٹرز سے میٹنگ کرتے ہوئے کہی جس میں سیکرٹری آر ٹی اے محمد سرور اور چیف ٹریفک آفیسر ملک تنویر کے علاوہ ٹرانسپورٹرز بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے اجلاس کو این سی او سی کی نئی ہدایات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسین نہ لگوانے والے افراد مزید پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر نہیں کرسکتے جبکہ دوران سفر کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی ہونا چاہیے۔انہوں نے مسافروں کے فیس ماسک پہننے اور 80 فیصد گنجائش تک مسافر بٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورز وکنڈیکٹرز کی بھی ویکسینیشن ناگزیر ہے۔انہوں نے بس سٹینڈز کے داخلی راستوں پر نو ویکسینیشن نو سروس پر مشتمل بینرز نمایاں طور پر آویزاں کرنے جبکہ مسافر خانوں میں بھی مسافروں کی آگاہی کا خصوصی انتظام کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کورونا وباء میں ٹرانسپورٹرز کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی اس وباء سے بچاؤ کے لئے معاونت جاری رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس بھی عملدرآمد کی چیکنگ کے لئے سرگرم رہیں گی لہذا خلاف ورزی سے گریز کریں۔اجلاس میں ڈائیو،کوہستان اور مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔