فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے سائٹس پر جاکر مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ جنرل ہسپتال 224 ر۔ب حسیب شہید کالونی گئے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ایس ڈی او بلڈنگز کو بقیہ تعمیراتی کام میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ ٹائم لائن میں بلڈنگ کا کام مکمل کیا جائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے بتایا کہ یہ منصوبہ 2۔ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے چک 8 ج۔ب شہباز نگر میں 79 کروڑ روپے سے زیر تعمیر ہائی پروفارمنس کرکٹ سنٹرکا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دستیاب فنڈز کو تیز رفتاری سے بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے سنٹر کے تعمیراتی مراحل کے دوران ورکرزکے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے 39 کروڑ روپے کی لاگت سے سرگودھا روڈپر کمال پور انٹرچینج سے چناب کلب چوک براستہ جنرل بس سٹینڈ تک تعمیر ہونے والی سٹرک کی کوالٹی چیک کی اورسٹرک کے باقی رہ جانے والے حصہ کو بھی بلاتاخیر مکمل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے 78 کروڑ روپے کی لاگت سے 50 سے 250 بیڈز تک اپ گریڈ ہونے والے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کا بھی دورہ کیا اور بلڈنگزڈیپارٹمنٹ کو منصوبے کی جلد تکمیل کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ سے ٹرنک سیور بولے دی جھگی شیخوپورہ روڈتک 51 کروڑ روپے سے جاری سیوریج کی بحالی کے منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے واسا کو تعمیراتی کام دو ہفتے میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔انہوں نے سیور سسٹم کے بعد سٹرک کی تعمیر کے لئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے ناولٹی پل سمندری روڈ پر واسا کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا۔ڈی ایم ڈی واسا نے پراجیکٹ کے مختلف شعبوں پر بریفنگ دی۔