فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر تاریخی دھوبی گھاٹ گراؤنڈ/پارک کی تزئین وبحالی کے لئے سرگرم ہوگئے۔وہ گراؤنڈکا رخ کرنے والے شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ پہنچ گئے۔گراؤنڈ میں نصب جھولوں کو رنگ روغن کرکے خوبصورت بنادیا گیا۔انہوں نے جھولوں کی فعالیت کو بھی چیک کیا جبکہ گراؤنڈ کو سرسبز وشاداب بنانے کے لئے پی ایچ اے کے جاری کام کا معائنہ کیا۔انہوں نے گراؤنڈ کی لینڈ سکیپنگ کا عمل بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں پانی کی دستیابی کے لئے بورکرنے کے کام میں مزید تیزی لانے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے نڑوالا روڈ پر صفائی ستھرائی کی صورتحال بھی چیک کی اورفورا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو مشینری اور سٹاف کے ہمراہ موقع پر طلب کرکے اپنی نگرانی میں ڈیوائڈرکے ساتھ صفائی یقینی بنوائی۔انہوں نے ڈیوائڈرمیں دلکش پلانٹیشن کا حکم دیااور واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا فیصل آباد نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ کا رخ کرنے والوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے جبکہ شہر بھر کے پارکوں کو عوامی توقعات سے بڑھ کر بنایا اور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کریسنٹ گراؤنڈ اور کلیم شہید پارک میں بھی تفریحی سہولیات کو مکمل کیا گیا ہے۔