فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع میں انسداد پولیو کا آئندہ راؤنڈ 15 سے 21 مئی تک جاری رہے گا جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے15 لاکھ 36ہزارسے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے مجموعی طور پر 4869 ٹیمیں ڈیوٹی انجام دیں گی۔انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹراسفند یار اور ڈی ایچ او ڈاکٹر ثاقب منیر نے مہم کے انتظامات پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع میں انسداد پولیو کی آئندہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے تمام تردستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اس ضمن میں مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے تاکہ گزشتہ کمزوریوں وخامیوں کا سو فیصد ازالہ ہوسکے۔انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کا ہرراؤنڈ اہمیت کا حامل ہے لہذا متعلقہ سٹاف اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کریں اوردوران مہم والدین کی آگاہی کے لئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ان میں احساس ذمہ داری برقرار رہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیلوں میں بھی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں جذبے سے فرائض انجام دیئے جائیں اس سلسلے میں معمولی سی بھی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔