فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے کہا ہے کہ عوامی شکایات پر کان نہ دھرنے والے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا لہذا وہ اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے شہریوں کو ہرممکن محکمانہ ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے یہ بات اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے آفس کے باہر کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے کہی۔مختلف محکموں کے ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کے حل کے لئے محکمانہ کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں گے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی شکایات کے حل میں گہری دلچسپی لیں اوردرخواست گزاروں کو اطمینان بخش ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ اپنے دفاتر میں موجود رہ کر شہریوں کی شکایات کا ازالہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے درخواست دہندگان کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا گیا ہے اور شکایت کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔