فیصل آباد( ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلعی انتظامیہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کر رہی ہے تاہم عوامی تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی میں کامیابی ممکن نہیں لہذا شہری ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔یہ بات ڈپٹی کمشنرعلی عنان قمر نے مختلف علاقوں کے گلی محلوں میں جا کر انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ اور شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مختلف ہاٹ سپاٹس پر محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیموں اور ان کی طرف سے سرویلنس کے طریقہ کارکے بارے میں دریافت کیا۔میل اور فی میل سٹاف پر مشتمل انسداد ڈینگی ٹیموں کی طرف سے گھروں میں ایئرکولرز،فریج کی ٹرے،پانی کی ٹینکیوں،گملوں،پانی جمع کرنے کے برتنوں اور چھتوں پر کاٹھ کباڑ وغیرہ کو مسلسل چیک کیا جارہا ہے جس پرڈپٹی کمشنر نے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعوری انداز میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کسی جگہ پانی کھڑا نہ رہے،بھر پور احتیاط اور توجہ سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے ہر فرد کا کردار اہم ہے لہذا ڈینگی کی آماجگاہوں کے خاتمے کے لئے شہری اپنے گھروں کے اندر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون کیا جائے جو آؤٹ ڈور اوران ڈور سرویلنس کے لئے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران اور انسداد ڈینگی سٹاف کو خبردار کیا کہ وہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے تمام تر وسائل کے ساتھ غیر معمولی کوششیں کریں اس ضمن میں معمولی سی بھی غفلت کی گنجائش نہیں۔انہوں نے نرسریز، پبلک ٹرانسپورٹ سٹینڈزودیگر ہاٹ سپاٹس کا بھی معائنہ کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار،ڈی ایچ او ڈاکٹر ثاقب منیر اور ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹرذوالقرنین،انچارج سٹی ٹرمینل عاصم الیاس اور اینٹامالوجسٹس بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور ٹیموں کی کارکردگی کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔