فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایف ڈی اے اورضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے شہر کی خوبصورتی کے پروگرام کے تحت نشاط آباد اوورہیڈ برج کی تزئین وآرائش کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیاگیا ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے جگہ کا دورہ کرکے نشاط آباد پل کے زیریں حصوں کا معائنہ کیا۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال، چیف آفیسر میٹروپولٹین کارپوریشن زبیر وٹو ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اس جگہ کی مزید صفائی ستھرائی کرکے خوبصورت لینڈ سکیپنگ کی پلاننگ کی جائے اور بیٹھنے کیلئے خوشنما بینچ نصب کرنے کے علاوہ ٹف لگا کر اس ایریا کو جاذب نظر بنائیں تاکہ سرسبز و شاداب ماحول میں لوگوں کو تفریح جیسی سہولت میسر آئے۔انہوں نے ایف ڈی اے اورمیٹروپولٹین میونسپل کارپوریشن کے افسران سے کہا کہ و ہ مسلسل مانیٹرنگ کر کے منصوبے کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں جامع لائحہ عمل اختیار کرکے ایسی منصوبہ سازی کی جائے کہ اس جگہ کی پائیدار خوبصورتی کا یہ پروگرام مستقبل میں جاری رہے اور کسی کو تجاوزات قائم کرنے، کوڑا کرکٹ پھینکنے یاماحول کی پراگندہ کرنے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہاکہ سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیئے جارہے ہیں اس سلسلے میں متعلقہ ادارو ں کو متحرک کیاگیاہے لہٰذا اشتراک عمل کے ذریعے فیصل آباد شہر کو دیرپا بنیادوں پر صفاف ستھرا، پرکشش اورخوشنما رکھنے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب گجر نے نشاط آباد پل کے زیر یں حصوں کو سرسبز و شاداب اور صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ناجائز قابضین کا صفایا کرکے تجاوزات اور ملبہ وغیرہ کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی خصوصی دلچسپی کے تحت شہر کے مختلف چوکوں اور شاہراؤں کو خوبصورت بنانے کے لئے منصوبہ سازی زیر عمل ہے۔