فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام انسدادڈینگی مہم کے سلسلے میں صاف پانی کے تالابوں میں ڈینگی لاروا کو کھانے والی تلاپیہ مچھلیاں چھوڑنے کا سلسلہ جارہی ہے اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف اور ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین نے فشریز ڈیپارٹمنٹ کے آفیسر کے ہمراہ واسا تالاب میں تلاپیہ مچھلیاں چھوڑیں۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹرنے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی مچھر کی روک تھام کیلئے ہرممکن انسدادی و احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں گھر گھر سرویلنس کے علاوہ لاروا کی افزائش روکنے کے لئے ممکنہ ذرائع کی کیمیکل ٹریٹمنٹ بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی میں کیمیکل نہیں ڈالا جاسکتا لہذا انتظامی حل کے طور پر تلاپیہ مچھلیوں کے ذریعے لاروا کا خاتمہ ممکن ہوسکتاہے جس پر باقاعدگی سے عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ڈینگی لاروا کی پیدائش روکنے کے لئے اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول پر خصوصی نظر رکھیں اورکسی جگہ پانی کھڑا نہ رہنے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر گھروں،دکانوں،فیکٹریوں،کارخانوں،دفاتر اوردیگر علاقوں کی چھتوں پر صفائی کویقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی وائرس پھیلنے کے خدشات باقی نہ رہیں۔