فیصل آباد(حمزہ اکرم)چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب عبداللہ خاں سنبل نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور چک 8 شہباز نگر میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پرقائم کئے جانے والے کرکٹ ہائی پروفارمنس سنٹرکی تعمیراتی پیشرفت پر بریفنگ اور موقع پر تعمیراتی عمل کا معائنہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ80کروڑروپے کے فنڈز سے کرکٹ سنٹرکی مین بلڈنگ،باؤلنگ وبیٹنگ ہال سنتھیٹک فلور،ٹریننگ سیشن کی تعمیر،سوئمنگ پول،پریکٹس پچز، واٹرسپلائی اینڈ ڈرینج سسٹم،سی سی ٹی وی سسٹم،فائر ہائبرڈ سسٹم،باؤنڈری وال،بیرونی تعمیر،سولر سسٹم کی تنصیب ودیگر جاری اقدامات بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ مجموعی طور پر 40 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکاہے۔چیئرمین پی اینڈ ڈی نے تعمیراتی مراحل پر اطیمنان کا اظہار کیا اور کرکٹ سنٹر کے زیر تعمیر بعض حصوں کا معائنہ کرکے تعمیراتی کوالٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے اپروچ روڈ کے لئے قابل عمل جگہ کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ یوتھ افیئرزاینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے اس منصوبہ کی تکمیل سے کرکٹ سے وابستہ کھلاڑیوں کو اپنا کھیل بہتر کرنے کا سنہری موقع ملے گا۔اسسٹنٹ کمشنرز عمر مقبول،صاحبزادہ محمدیوسف،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہر،ڈویژنل سپورٹس آفیسررانا حماد اقبال،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرساجدہ لطیف اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔