فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)انجمن انسداد منشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے زیر اہتمام منشیات کے انسانی صحت پر نقصانات کے موضوع پرگورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین تاندلیانوالہ میں آگاہی سیمینارمنعقد ہوا۔جنرل سیکرٹری انوارخان،سوشل ویلفیئر آفیسر عامر پرویز،ماہر امراض نفسیات ڈاکٹر حسنین چٹھہ، جوائنٹ سیکرٹری آمنہ اکرم،پرنسپل رقیہ کوثر،اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔جنرل سیکرٹری نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا روشن مستقبل اور والدین کی امیدوں کا مرکز ہیں جنہیں منشیات کے نقصانات سے مکمل آگاہی ہونی چاہیے تاکہ وہ اس لعنت سے دور رہ کر اپنا مستقبل سنواریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں نشہ سے انکار زندگی سے پیار کا پیغام عام کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے۔انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔پرنسپل ادارہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کا عادی بننے سے روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے۔سوشل ویلفیئر آفیسر نے نشہ کے صحت پر ہونے والے مضر نقصانات اور علاج کے حوالے سے مفید مشورے دیئے۔جوائنٹ سیکرٹری نے نشہ کے نقصانات سے آگاہی کے لئے جاری کاوشوں سے آگاہ کیا۔