فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈویژنل کمشنر محمد شاہد نیاز نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں قائم کارڈیک کیئریونٹ کا دورہ کیا اور دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ماہر امراض قلب ڈاکٹر جاوید اقبال، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے سی سی یو (I) اور(II) کے مختلف حصے اور دستیاب مشینری دیکھی۔انہوں نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔انہوں نے سی سی یو II کے قیام میں وسائل فراہم کرنے والے مخیر افرادکی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ مریضوں کو کم خرچ میں معیاری علاج کی فراہمی کے لئے سہولیات فراہم کرنے میں فیصل آباد کے مخیر حضرات کا کوئی ثانی نہیں جو ہر شعبہ میں ہاتھ بٹارہے ہیں۔ماہر امراض قلب نے بتایا کہ مجموعی طور پر دونوں یونٹ میں 26بیڈز مکمل فنکشنل اور دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کمشنر کو مریضوں کے علاج معالجہ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔