فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلئے ماڈل کیٹل مارکیٹ نیاموآنہ اور مویشی منڈی خانوآنہ آمدو رفت کے سلسلے میں شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی فری شٹل سروس کی سہولت فراہم کردی ہے۔اربن گاڑیوں میں مشتمل اس شٹل سروس کے ذریعے ریلوے اسٹیشن چوک سے دونوں مویشی منڈیوں اور وہاں سے اسٹیشن تک سواری کو فری سہولت فراہم ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے اس شٹل سروس کیلئے گاڑیاں متعین کی گئی ہیں جو صبح سے رات تک ریلوے اسٹیشن چوک سے سمندری روڈ پر نیاموآنہ اور خانوآنہ مویشی منڈی جائیں اورآئیں گی جس سے خواہشمند شہری فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مزید ضرورت پڑنے پر گاڑیوں کی تعداد اور اوقات کار میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔شٹل سروس میں شہریوں کو ہر ممکن آرام دہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور یہ سروس عیدالاضحی تک جاری رہے گی۔