فیصل آباد(عثمان صادق)حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے فیصل آباد ایگلریکلچر یونیورسٹی میں ای روزگار پروگرام کا نئے مرحلے میں داخلوں کاآغاز کردیا گیا ہے جس میں 16سالہ تعلیم اور 35سال سے کم عمر کے طلباء وطالبات اپلائی کرسکتے ہیں۔سینٹر مینجر عاقب ندیم اورسسٹم نٹ ورک انجینئر محمد شاکر نے بتایا کہ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیراہتمام ای روزگار پروگرام میں فری داخلے شروع کردئے گئے ہیں جس میں ای روزگار پروگرام سے ڈیجیٹل سکلز اور فری لانسنگ،ای کامرس،یو آئی/یو ایکس، ٹیکینکل،کانٹینٹ مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ،کرییٹو ڈیزائننگ، ڈیجیٹل اینڈ سوشل میڈیا مارکیٹنگ‘فری لانسنگ کا تعارفی کورس‘پروفائل بنانے اور آرڈر لینے کی ٹریننگ دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کے ای روزگار سنٹرزمیں فراہم کی جانے والی مفت تربیت سے نوجوان گھربیٹھے روزگار کمانے کا ہنر سیکھ کر باوقار روزگار کما رہے ہیں۔طلباء وطالبات ای روزگار کی ویب سائٹ www.erozgaar.pitb.gov.pkپر آن لائن درخواست جمع کرواسکتے ہیں جنہیں آن لائن ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد ٹریننگ پروگرام میں داخلہ کیلئے منتخب کیا جائے گا۔