فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دن رات عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہے ہیں اورآئندہ چند روز میں کم آمدنی والے افراد کیلئے بہت بڑے فوڈ سپورٹ پروگرام کا اعلان ہونیوالا ہے جس کے تحت ہیلتھ کارڈ، کسان کارڈ، سوشل سکیورٹی کارڈاور لیبر کارڈ کی طرح راشن کارڈ کے ذریعے غریب افراد کوفوڈ سپورٹ پروگرام کے تحت اربوں روپے کی ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی جس سے وہ روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش سستے داموں خرید سکیں گے۔فرخ حبیب نے 7کروڑ روپے کی لاگت سے اپنے حلقہ این اے108 فیصل آباد کے علاقہ فیکٹری ایریا و سرسید ٹاؤن میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح،گورنمنٹ سول ڈسپنسری فیکٹری ایریا کی دوبارہ تعمیر،سیوریج لائن گنیش مل روڈتا شفیع چوک اور گیان ملز،عزیز کالونی و لال ملز چوک کی سڑکات کی کارپٹنگ اور پی سی سی گلیوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو غریب آدمی خصوصاً کرائے کے مکانات میں رہنے والوں کا بیحد خیال ہے جن کا نہ مکان اپنا نہ زمین اپنی نہ چھت اپنی ہے لہٰذا عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار بینکوں کو پابند کیا کہ جس طرح وہ بڑے بڑے بزنس مینوں، سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور دیگر شعبہ جات کو قرض دیتے ہیں اسی طرح وہ اپنے گھر کی تعمیر کیلئے کم آمدنی والے افراد کو بھی قرضے دیں جس پر تمام بینکوں نے قرضوں کی فراہمی شروع کردی ہے اور اس ضمن میں اب تک 200 ارب روپے کے قرضوں کیلئے 57 ہزار درخواستیں وصول ہوچکی ہیں جن میں سے 180 ارب روپے کے قرضے منظور اور 19 ارب روپے کے قرضے جاری بھی ہوچکے ہیں اس طرح اب لاکھوں بے گھر لوگوں کا اپنا گھر اپنی زمین اپنی چھت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دوسرا بڑا مسئلہ صحت کیلئے وسائل کی فراہمی کا ہے کیونکہ بہت سے غریب افراد علاج کی سکت نہ ہونے سے اللہ کو پیارے ہوجاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا کیونکہ جس طرح کے پی کے میں ہر گھرانے کو صحت کارڈ جاری ہوچکا ہے اسی طرح اگلے ماہ دسمبر کے آخر تک پنجاب کی تمام آبادی اور ہر گھرانے کو ہیلتھ کارڈ جاری کردیا جا ئے گا جس سے وہ سالانہ 10 لاکھ روپے تک اپنا اور اپنے اہل خانہ کا پسند کے ہسپتال میں پسند کے ڈاکٹر سے علاج کرواسکے گا اور اب کسی کا پیارا بغیر علاج اللہ کو پیارا نہیں ہوگا۔