فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیرقانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بھر پور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چار مختلف کالونیوں میں رہائشی پلاٹس کو بلامنظوری کمرشل میں تبدیل کرنے پر 43پلاٹس کی دکانوں کو سربمہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول مختلف کالونیوں کے گھروں میں تعمیر کی گئی دکانوں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو ملت ٹاؤن میں 12رہائشی گھروں کی عمارتوں، علامہ اقبال کالونی کے 15گھروں، مدینہ ٹاؤن کے 12گھروں اور گلبر گ کے چار رہائشی گھروں کے مالکان نے منظوری کے بغیر دکانات قائم کررکھی تھیں جنہیں فوری طور پر سربمہر کردیا اور ان کے مالکان کے خلاف چالان کرکے سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوادیئے۔ ان پلاٹس کے مالکان سے کہاگیاہے کہ وہ گھروں کو کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کرنے کیلئے کمرشلائزیشن کی منظوری حاصل کریں اور وہ فوری طور پر درخواست جمع کرائیں جس پر پالیسی اور متعلقہ قوانین کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ایف ڈی اے انتظامیہ کی طر ف سے خبردار کیاگیاہے کہ رہائشی پلاٹس کو بلامنظوری کمرشل میں تبدیل نہ کیاجائے اس سلسلے میں مروجہ کمرشلائزیشن پالیسی کی پابندی کریں۔واضح رہے کہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں بعض شاہرات پر کمرشل سرگرمیوں کی بالکل اجازت نہیں ہے جبکہ کمرشل ڈکلیئر کی گئی شاہرات پر کاروباری عمارات تعمیر کرنے کیلئے طے شدہ طریقہ کار کی تکمیل اور فیسوں کی ادائیگی کے بعد منظوری دی جاسکتی ہے۔ ایف ڈی اے کی طرف سے غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف آپریشن جاری رہے گا تاکہ قانون کی عمل داری کو یقینی بنایاجاسکے.