فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم کی ہدایت پر غیر قانونی رہائشی سکیموں اور ناجائز تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے بلامنظوری قائم کی جانیوالی چار ہائوسنگ سکیموں کے غیرقانونی ترقیاتی کاموں کو مسمار کردیاجبکہ ملت ٹائون میں غیر قانونی تعمیرات پر پلاٹ کو سربمہر کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی رہائشی سکیموں کو چیک کیاتو چک نمبر59ج ب کی اراضی پر ہائوسنگ سکیم پام گرین اور تین اضافی آبادیاں بغیر منظوری کے قائم کی جارہی تھیں جن کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ان میں غیر قانونی طور پر تعمیرکی جانیوالی سٹرکوں ، سیوریج اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیاگیاتاکہ عوام الناس کو کسی قسم کی دھوکہ دہی سے بچایاجاسکے علاوہ ازیں ملت ٹائون میں غیر قانونی تعمیرات پر پلاٹ نمبر249-Fکو سیل کردیاگیا ۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے ڈویلپرز سے کہاگیاہے کہ وہ رہائشی سکیموں کے قیام کیلئے تمام تر قانونی اور محکمانہ تقاضے پورا کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر کارروائی کے دوران نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہونگے ، عوام الناس کو آگاہ کیاگیاہے کہ وہ کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ کی خریداری سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں تاکہ ان کی سرمایہ کاری محفوظ رہے.