فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر تجاوزات، ناجائز تعمیرات اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ اور انفورسمنٹ ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے مدینہ ٹاؤن کے علاقہ میں تجاوزات کا صفایا کرکے حدود سے باہر رکھا سامان اٹھا لیا جبکہ چک نمبر223 رب میں دو اضافی آبادیوں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار اور چک نمبر61 ج ب میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے دفتر کو سربمہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ اور انفورسمنٹ ٹیموں نے مختلف کارروائیوں کے دوران مدینہ ٹاؤن میں امتیاز شہید روڈ اور عابد شہیدروڈ پر دکانداروں کی طرف کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کردیا اس دوران پختہ تھروں،شیڈز اور دیگر ناجائز تعمیرات کو مسمار کرکے تجاوزات میں استعمال ہونیوالا سامان اٹھا لیا، قصوروار دکانداروں کے چالان کردیئے۔ ایف ڈ ی اے کی طرف سے دکانداروں کو از خود تجاوزات ہٹانے کے بارے نوٹسز جاری کرنے کے علاوہ مساجد میں اعلانات بھی کرائے گئے اور عدم تعمیل کی صورت میں آپریشن کرکے تجاوزات کا صفایا کردیاگیا۔دریں اثناء ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے چک نمبر223 رب میں بلامنظوری قائم کی جانیوالی اضافی آبادیوں رسول پورہ اوراحمد نگر کی ناجائز تعمیرات کو مسمار کرنے کے علاوہ چک نمبر61 ج ب میں میثاق سٹی کے نام سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم قائم کرنے کی کوشش ناکام بنادی جس کا دفتر سیل کرکے ناجائز تعمیرات کو مسمار کردیاگیا۔