فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایف ڈی اے کے زیر اہتمام سپورٹس کمپلیکس کے میگا پراجیکٹ میں مختلف ان ڈور کھیلوں کی سہولیات کے آغاز کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں یہ سپورٹس کمپلیکس 50کروڑ روپے کی لاگت سے 27کنال اراضی پر ایف ڈی اے سٹی میں تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس سپورٹس کمپلیکس کو کھیلوں کے شائقین کیلئے کھولنے کے سلسلے میں مختلف انتظامی وفنی امور کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ا ے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہوا جس میں ایڈ یشنل ڈائریکٹر عابد حسین بھٹی، چیف انجینئر مہر ایوب گجر، ڈائریکٹر ز جنید حسن منج، اسماء محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم ودیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے سپورٹس کمپلیکس کے تعمیراتی پہلوؤں کی تازہ ترین صورت حال کاجائزہ لیا اور کہاکہ یہ منصوبہ مقامی سطح پر کھیلوں کے میدان میں ایک گرانقدر اضافہ ہے جس میں عالمی معیار کی ان ڈور کھیلوں کی سہولیات دستیاب ہونگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے کھیلوں کے شائقین کو مختلف گیمز کے وسیع مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ مرکرز کررکھی ہے لہٰذا کھیلوں کے شعبے میں ان اقدامات کو آگے بڑھاتے ہوئے سپورٹس کمپلیکس کے میگا پراجیکٹ کو کھیلوں کے شائقین کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیاگیاہے جس کیلئے مینجمنٹ کمیٹی کی تشکیل سمیت سٹاف کی فراہمی اور دیگر انتظامی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہاکہ وہ ممبر شپ کے آغاز اور دیگر ضروری انتظامات کیلئے تجاویز مرتب کریں تاکہ اس منصوبے کو جامع و منظم انداز میں چلانے میں کوئی مسئلہ درپیش نہ آئے۔ اجلاس کے دوران بتایاگیاکہ ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس کے میگا پراجیکٹ میں مرد و خواتین کیلئے الگ الگ سوئمنگ پولز، لان ٹینس کورٹس، دوبیڈ منٹن کورٹس، دو جمنیزیم، ایک باسکٹ بال کورٹ، سنوکر، کیرم و چیس ہال،جوکنگ ٹریک کی سہولیات کے علاوہ ڈائنگ ہال، کچن،واش رومز،وسیع پارکنگ ایریا ودیگر ضروری سہولیات موجود ہونگی۔