فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر بشیراحمد کی ہدایت پر بجلی چوری کے خلاف خصوصی مہم میں ٹاسک فورس نے ایس ای امیر خان کی زیر نگرانی چھ فیکٹریوں میں جدید طریقے سے ہونیوالی ڈائریکٹ بجلی چوری پکڑ لی۔ تفصیلات کے مطابق سپرنٹنڈنگ انجنئیر سیکنڈ سرکل امیر خان اورایکسئین ناظم آباد ڈویژن طفیل رندھاوا کی زیرنگرانی ایس ڈی او جھنگ روڈ سب ڈویژن فیصل نظام نے اپنی ٹیم آصف کاہلوں ٹیکنیکل اسسٹنٹ ناظم آباد ڈویژن، جاوید اقبال ایم ایس ٹو، زین اسلم ایل ایس ون، راشد لائن مین سیکنڈ، عمر حیات لائن مین ون اور علی اصغرٹی اے ایم اینڈ ٹی سیکنڈ سرکل کے ہمراہ چک نمبر 66ج ب دھاندرہ میں بجلی چوروں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چھ عدد فیکٹریوں میں محکمہ کی پی وی سی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے ہونے والی بجلی چوری رنگے ہاتھوں پکڑ لی۔ ان فیکٹریوں کے میٹرز ارشد جٹ، میاں علی حیدراور میاں عمران کے زیر استعمال تھے۔ فیسکو ٹیم نے موقع سے ٹرانسفارمرز، پی وی سی لائن اورمیٹرسمیت دیگر فیسکو تنصیبات اتار لیں اوران بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس سٹیشن میں بجلی چوری ایکٹ کے تحت مقدمات کے اندراج کیلئے درخواستیں جمع کرا دیں۔ ایس ای سیکنڈ سرکل امیر خان کے مطابق یہ بجلی چورپچھلے ایک سال سے بجلی چوری میں ملوث تھے۔ انھیں بھاری یونٹس پر مشتمل جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ بجلی چور عناصر کے خلاف بھرپورکارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔