فیصل آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد کی ہدایات پر صارفین کو نیٹ میٹرنگ کی سہولت مہیا کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل میراڈ عامر محبوب الٰہی کی زیر نگرانی 4532صارفین کو نیٹ میٹرنگ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے۔فیسکو کو 2017سے مارچ 2023تک نیٹ میٹرنگ کیلئے کل 5417صارفین کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 4885درخواستیں 25کلوواٹ تک جبکہ 532درخواستیں 25کلوواٹ سے زائد لوڈ کی تھیں۔فیسکو کے شعبہ میراڈ کی طرف سے تمام وصول کردہ درخواستوں میں سے درست مطلوبہ کوائف پر مشتمل اور نیپرا کی طرف سے منظور ی کے بعد4532صارفین کو فیسکو کی طرف سے نیٹ میٹرنگ کی سہولت شروع کردی گئی ہے جن میں سے 4110 درخواستیں 25کلوواٹ تک جبکہ 422درخواستیں 25کلوواٹ سے زائد لوڈ کی ہیں۔فیسکو نے 3965صارفین کی بلنگ بھی شروع کردی ہے۔شعبہ میراڈ کی طر ف نامکمل کوائف اور قواعدوضوابط پر پورانہ اترنے والی 384درخواستوں کو خارج کردیا گیاہے۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمدنے ہدایت کی ہے کہ صارفین کی نیٹ میٹرنگ کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے اور ان کو یہ سہولت فراہم کرنے میں کوئی کمی نہ رکھی جائے۔نیٹ میٹرنگ کے فروغ سے نہ صرف صارفین بجلی کے معاملے میں خود کفیل ہوں گے بلکہ وہ اپنے استعمال سے زائد بجلی فیسکو کو فروخت کرسکیں گے جو ان کیلئے اضافی آمدنی کا ذریعہ ہوگی علاوہ ازیں اس سے ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئے طلب پر بھی قابو پانے میں مددملے گی