فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر میں خصوصی صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کے سلسلہ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کاشف رضا اعوان نے آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا علی الصبح دورہ کیا۔انہوں نے ستیانہ روڈ،جھال چوک،ڈی گراونڈ،بٹالہ کالونی اور دیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پر کہا کہ صفائی آپریشن میں سخت مانیٹرنگ سے موثر اور مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔افسران کے علی الصبح فیلڈ میں موجود ہونے کے سبب تمام مشینری بھی فیلڈ میں بروقت پہنچ رہی ہے۔انہوں نے یونین کونسلوں میں تعینات صفائی عملہ اور گاڑیوں کے اوقات کار کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ عملہ صفائی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے،شہر کی صفائی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔خستہ حال ویسٹ کنٹینرز فوری مرمت کراکر رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے میں آسانی ہو۔سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی نے کارکردگی میں مزید بہتری کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام ورکرز اور فیلڈ سٹاف اپنی فیلڈ میں حاضری 100 فی صد کریں۔سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی کاشف رضا اعوان نے مختلف علاقوں کے وزٹ کے دوران شہریوں سے درخواست کی ہے کہ صفائی برقرار رکھنے کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ساتھ دیں۔صفائی کے متعلق شکایات کی صورت میں ہماری ہیلپ لائن 1139 یا سوشل میڈیا اکاونٹس پر آگاہ کریں۔